ہولی پارٹی کے دوران نشے میں دھت اداکار کی ساتھی اداکارہ کو ہراساں کرنے کی کوشش، مقدمہ درج

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) ممبئی میں ہولی کی تقریب کے دوران ایک 29 سالہ ٹی وی اداکارہ کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا جس پر انہوں نے اپنے ساتھی اداکار کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی۔ اداکارہ کا الزام ہے کہ ان کے ساتھی اداکار نے نشے کی حالت میں ان پر زبردستی رنگ لگایا اور انہیں ہراساں کیا۔
نیوز 18 کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے میں ایک ہولی پارٹی کے دوران پیش آیا۔ اداکارہ نے اپنی شکایت میں بتایا کہ ان کے ساتھی اداکار نشے کی حالت میں وہاں پہنچے اور زبردستی انہیں رنگ لگانے کی کوشش کی، حالانکہ انہوں نے صاف انکار کر دیا تھا۔
اداکارہ کے مطابق “وہ مجھ اور دیگر خواتین پر رنگ ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ میں ان کے ساتھ ہولی نہیں کھیلنا چاہتی تھی، اس لیے میں نے اعتراض کیا اور وہاں سے ہٹ گئی۔” انہوں نے مزید بتایا کہ وہ چھپنے کے لیے چھت پر لگے پانی پوری کے سٹال کے پیچھے گئیں لیکن اداکار وہاں بھی پہنچ گیا۔ “میں نے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا لیکن اس نے زبردستی مجھے پکڑا اور میرے گالوں پر رنگ لگا دیا۔ پھر اس نے کہا، ’میں تم سے محبت کرتا ہوں، دیکھتا ہوں تمہیں کون بچاتا ہے۔‘ اس کے بعد اس نے نازیبا حرکتیں کیں اور دوبارہ رنگ لگایا۔ میں نے اسے دھکا دیا اور فوراً واش روم میں چلی گئی۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب انہوں نے اپنے دوستوں کو واقعے کے بارے میں بتایا تو انہوں نے اس شخص سے بازپرس کی لیکن اس نے ان کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔ اداکارہ نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کو قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے دیگر مہمانوں کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں، ساتھ ہی تقریب کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔