تحریک انصاف نے نفرت انگیز مہم چلانے کے الزام میں بنی گالا سے گرفتار کارکن سے لا تعلقی کا اعلان کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے کے الزام میں گرفتار حیدر سعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں لیکن ہر احتجاج میں شریک ہوتا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان حیدرسعید ہماری آفیشل ٹیم کا حصہ نہیں لیکن عمران خان کے ہر احتجاج میں شریک ہوتا ہے، لوگوں پر ایف آئی آر کٹوائیں اور تحقیقات کریں لیکن گھروں سے لوگوں کو اٹھانا غلط ہے۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھاکہ نوجوانوں کے جعلی پیج بنائے گئے ہیں انہیں اٹھایا گیا ہے، اغوا کیے گئے نوجوانوں پر کہیں تشدد نہ کیا جارہا ہو، نئی نسل کو اپنے حقوق کا پتا ہے اور انہیں اپنی طاقت کا اندازہ بھی ہے۔