پاکستانیوں کو متحدہ عرب امارات کے ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا کیوں؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کی تلاش اور سیر و تفریح کی غرض سے متحدہ عرب امارات کا رخ کرتی ہے، ماضی میں تو متحدہ عرب امارات کے ویزے کا حصول زیادہ مشکل نہیں تھا تاہم اب خواہشمند افراد کو ویزے کے حصول میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔

قومی اسمبلی کی رکن ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وزارت خارجہ سے سوال پوچھا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ویزے کیوں محدود کیے گئے ہیں اور اس پابندی کی وجہ کیا ہے۔

جس پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے جواب میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی باضابطہ ویزا پابندی نہیں ہے، البتہ کچھ مسائل کے باعث اب جانچ پڑتال کو سخت کیا گیا ہے اور کچھ افراد کو ویزا جاری نہیں کیا جا رہا ہے۔

بڑی وجہ یہ ہے کچھ پاکستانی شہری جعلی ڈگریاں، ڈپلومہ اور جعلی ملازمت کے معاہدے جمع کراتے ہوئے پائے گئے ہیں جبکہ کچھ اپنے ویزوں سے زائد قیام کر چکے ہیں، بعض پاکستانی سیاسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے کچھ ارکان کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بھی نامناسب استعمال کرتے پایا گیا ہے ان وجوہات کی وجہ سے پاکستانی شہریوں کو ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جواب میں مزید بتایا گیا کہ ابوظبی میں پاکستانی سفارت خانے اور اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا گیا ہے، امارات کے ویزوں کے اجرا کے لیے سفارشی خطوط وزارت خارجہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو بروقت ویزا کی سہولت کے لیے شیئر کیے جاتے ہیں۔

وزارت فاطر کو بھی ویزا کے اجرا کی سفارش کرتی رہتی ہے، اس معاملے پر حکومت، متحدہ عرب امرات کے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر کوئی باضابطہ ویزا پابندی نہیں ہے۔

وزیر خارجہ کے جواب میں مزید بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ ان کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی نے 5 سالہ ویزے کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، جائیداد کی ملکیت (اگر قابل اطلاق ہو) اور 3 ہزار درہم کی پیشگی ادائیگی درکار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *