قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں مسنگ پرسنز کے مسئلے پر بھی بات ہوگی، بہت سے لوگ دہشتگردی میں شامل ہیں، کچھ بیرون ملک بیٹھے ہیں اور ان کے نام مسنگ پرسنز کی فہرست میں ہیں۔
وزیر دفاع نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو مسنگ پرسنز کمیشن کا چیئرمین بنانے کے اقدام کو ’کمپرومائزڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے انہیں سربراہ بنایا کیا ان کی نیت ٹھیک تھی؟ یہ غیرسنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، وہ سلالہ اور مسنگ پرسنز سمیت 4 کمیشنز کے سربراہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ جن کا تعلق شرپسندی سے تھا جب انہیں رہا کیا گیا تو وہ دوبارہ اس کام میں مصروف ہوگئے۔ انہوں نے دعویٰ کہ لاپتہ افراد کی تعداد بہت بڑی نہیں اور ان میں سے بہت سارے لوگ دہشتگردی میں شامل ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میں لاپتہ افراد کے معاملے کی اہمیت کو کم نہیں کررہا لیکن جو لوگ اس مسئلے سے اس طرح نمٹ رہے ہیں وہ بلوچستان کے ساتھ کتنا مخلص ہیں؟ اجلاس میں اس مسئلے پر بھی بحث ہوگی اور اس کا حل بھی ڈھونڈنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دن 11 بجے قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *