عوام کیلئے خوشخبری! عید کے بعد پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازویں بحال


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز جلد ہی برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ اعلان پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کیا، ان کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندی ہٹانے کے بعد عیدالفطر کے بعد پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔
لندن میں ایک افطار ڈنر کے دوران جس میں صحافیوں اور ٹک ٹاکرز نے شرکت کی، تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں لندن اور مانچسٹر سے پاکستان کے لیے پروازیں بحال ہوں گی جبکہ برمنگھم سے بھی سروسز بحال کرنے پر غور جاری ہے۔
اس موقع پر ایک خصوصی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں میڈیا نمائندے شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کی پابندی ہٹنے کے بعد پی آئی اے نے 10 جنوری 2024 کو پیرس کے لیے پروازیں بحال کی تھیں جس سے چار سال سے زائد عرصے کے تعطل کا خاتمہ ہوا۔
یہ پابندی جون 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارہ حادثے کے بعد لگائی گئی تھی، جب اس وقت کے وزیر ہوا بازی نے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ پائلٹس جعلی لائسنس پر بھرتی کیے گئے تھے۔
دوسری جانب پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ کئی بڑی کاروباری گروپس نے ایئرلائن خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں عارف حبیب گروپ، ٹبہ گروپ اور وائی بی ہولڈنگز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان گروپس کے نمائندوں نے اسلام آباد میں متعلقہ حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جہاں خریداری کے شرائط و ضوابط پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نجکاری کے عمل میں پیش رفت کے ساتھ ساتھ ان کاروباری گروپس نے بھی واضح کر دیا ہے کہ وہ مخصوص شرائط کی تکمیل کے بعد ہی اس معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ کے ہائی کمشنر کی جانب سے یہ بیان دیا گیا ہے لیکن اصل پروازوں کی بحالی برطانوی حکام کی جانب سے دی گئی اجازت پر منحصر ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *