سرکاری ملازم بہترین خدمات پر ایوارڈ کیلئے نامزد، لیکن پھر ایسا انکشاف کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

میڈرڈ (قدرت روزنامہ) ہم سب نے کبھی نہ کبھی لمبی چھٹی لینے کا خواب دیکھا ہے لیکن ایک ہسپانوی سرکاری ملازم نے حقیقت میں ایسا کر دکھایا۔ یہ ملازم پورے چھ سال تک دفتر سے غیر حاضر رہا، کسی نے اس کی غیر حاضری کو نوٹس نہیں کیا، اور اسے ہر ماہ پوری تنخواہ ملتی رہی۔ یہ حیران کن انکشاف اس وقت ہوا جب 2010 میں کمپنی نے اسے طویل سروس پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا۔
نیوز 18 کے مطابق جوکین گارشیا نامی یہ شخص 1990 میں سپین کے شہر کادیس میں ایک میونسپل واٹر کمپنی میں پلانٹ سپروائزر کے طور پر تعینات ہوا تھا۔ تاہم ایک انتظامی غلط فہمی کے باعث اس کی نگرانی کے ذمہ دار محکمے میں کنفیوژن پیدا ہوگئی اور دونوں ڈیپارٹمنٹس یہ سمجھتے رہے کہ دوسرا محکمہ اس کے کام کی نگرانی کر رہا ہے۔
اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جوکین چھ سال تک دفتر نہیں آیا، مگر اس کے باوجود اسے سالانہ 41 ہزار 500 ڈالر کی پوری تنخواہ ملتی رہی۔ اس وقت کے ڈپٹی میئر جارج بلاس فرنانڈیز، جو 1995 سے 2015 تک عہدے پر فائز رہے، نے دی گارڈین کو بتایا، ’’ہم یہ سمجھتے رہے کہ واٹر کمپنی اس کی نگرانی کر رہی ہے، مگر حقیقت میں ایسا نہیں تھا۔ جب ہم نے 20 سال کی سروس پر اسے تعریفی شیلڈ دینے کا فیصلہ کیا تو یہ حقیقت سامنے آئی۔‘‘
ڈپٹی میئر جارج بلاس نے جب جوکین کو تلاش کرنے کی کوشش کی تو حیران کن طور پر معلوم ہوا کہ وہ بدستور تنخواہ وصول کر رہا تھا۔ جب بالآخر بلاس نے اسے پکڑا اور اس سے وضاحت طلب کی، تو اس کے پاس اپنی غیر حاضری کا کوئی معقول جواز نہیں تھا۔ بلاس نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں کہا ’’مجھے خیال آیا کہ شاید وہ ریٹائر ہو چکا ہے یا اس کا انتقال ہو گیا ہے، لیکن تنخواہ کے ریکارڈز نے ظاہر کیا کہ وہ اب بھی ادائیگی حاصل کر رہا تھا۔‘‘
“وہ جینے کا حق کھو چکی ہے ” آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی خاتون کے والدین نے بیٹی کیلئے پھانسی کا مطالبہ کردیا
جوکین کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ کام کی جگہ پر ہراسانی کا شکار تھا جس کی وجہ سے وہ دفتر نہیں جا رہا تھا۔ اس کے قریبی ذرائع کے مطابق، وہ اپنا وقت فلسفہ کی کتابیں پڑھنے میں گزارتا رہا، کیونکہ وہ اپنی نوکری کھونے سے خوفزدہ تھا۔ آخرکار عدالت نے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا اور جوکین پر چھ سال کی غیر حاضری کے بدلے 30 ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔