’گلاب جامن کی توہین کرنا جرم ہے‘، گلاب جامن والے پراٹھے کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آپ نے پراٹھے کی کئی اقسام کے بارے میں سنا ہو گا جس میں آلو والا پراٹھا، گوبھی والا پراٹھا، پالک والا پراٹھا، مولی والا پراٹھا اور چینی والا پراٹھا وغیرہ شامل ہیں لیکن کیا کبھی آپ نے گلاب جامن والے پراٹھے کے بارے میں سنا ہے؟ جی ہاں ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دکاندار کو گلاب جامن والے پراٹھے بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکاندار آٹے کے پیڑے میں گلاب جامن بھرتا ہے اور اس سے پراٹھے تیار کرنے کے بعد اس کے اوپر شیرہ بھی ڈالتا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ گلاب جامن اور پراٹھے دونوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
عروج نامی صارف نے لکھا کہ گلاب جامن کی توہین کرنا جرم ہے جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ہمیں انصاف چاہیے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہارٹ اٹیک اور ذیابطیس ایک ہی پلیٹ میں ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عجیب و غریب کھانوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہی ہیں جس میں ڈیزل والے پراٹھے، پیسپی والی چائے، مرچوں کا حلوہ اور آئس کریم پکوڑہ وغیرہ شامل ہیں جنہیں عوام کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان عجیب و غریب پکوانوں پر سوالیہ نشان بھی اٹھائے گئے۔