انڈیا جاکر شادی کرنے والی سیما حیدر کے ہاں بیٹی کی پیدائش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محبت کی خاطر گزشہ سال انڈیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والی پاکستانی شہری سیما حیدر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سیما حیدر نے اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا کے کرشنا اسپتال میں بیٹی کو جنم دیا ہے۔
سیما حیدر کے وکیل اے پی سنگھ نے بتایا کہ ماں اور بیٹی دونوں صحتمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ سیما اور سچن سے پیار کرتے ہیں، ان کے لیے یہ جشن کا لمحہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں سے سچن کی بیٹی کا نام تجویز کرنے کی درخواست کی۔
یاد رہے کہ سیما حیدر ایک پاکستانی خاتون ہے، جسے پب جی کھیلتے ہوئے گریٹر نوئیڈا کے رہائشی سچن سے محبت ہو گئی تھی، جس کے بعد وہ اپنے 4 بچوں کے ساتھ نیپال کے راستے 2023 میں بھارت میں داخل ہوئی تھیں تاکہ وہ سچن مینا سے شادی کر سکیں۔ یہ جوڑا سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل بھی بنایا جو اب ان کی کمائی کا ذریعہ ہے۔
واضح رہے کہ سیما حیدر کے اپنے پہلے شوہر غلام حیدر سے 4 بچے ہیں۔ ان کے 8 سالہ بیٹے کا نام پہلے فرحان علی تھا اور اب اس کا نام راج ہے، جب کہ ان کی بیٹیوں 6 سالہ فروا، 4 سالہ فریحہ بتول اور فرح کا نام بدل کر پریانکا، منی اور پری رکھا گیا ہے۔ جبکہ اپنے بھارتی شوہر سے یہ ان کی پہلی اولاد ہے۔