صارفین کے بعد شوبز انڈسٹری سے بھی دانش تیمور پر تنقید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دانش تیمور پاکستان کے ایک بڑے اسٹار ہیں اور وہ آج کل گرین ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ تاہم اسی کے وہ انٹرنیٹ پر تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی سپر اسٹار اہلیہ عائزہ خان کے سامنے ایک ایسا بیان دیا تھا جو سامعین کو نہیں بھایا۔
دانش تیمور نے کہا کہ بطور مرد انہیں 4 شادیاں کرنےکا حق ہے لیکن وہ فی الحال ایسا نہیں کر رہے۔
اس بیان کے بعد دانش تیمور کو ہر جانب سے تنقید کا سامنا ہے، یہ سب اس کے باوجود ہے کہ وہ اپنے بیان کی وضاحت 2 بار کر چکے ہیں، لیکن شاید سوشل میڈیا صارفین ان کی سننے کے موڈ نہیں۔
دانش تیمور پر صارفین کی تنقید کے ساتھ اب اس بحث میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی کود گئے ہیں۔ مثلاً ایک جانب فریحہ الطاف نے ان کے بیان کو موضوع گفتگو بنایا تو دوسری طرف مشی خان نے دانش تیمور کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
بہرحال دانش تیمور پر تنقید کرنے والوں کا خیال ہے کہ انہوں نے اس بیان سے اپنی اہلیہ عائزہ خان کو شرمندہ کیا ہے۔