اداکارہ مایا علی نے تاحال شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اداکارہ مایا علی نے تاحال سنگل ہونے پر خاموشی توڑی دی۔
اداکارہ حال ہی میں نجی ٹی وی کے رمضان کے خصوصی شو میں کزنز کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں ان سے میزبان نے ان کی شادی کا سوال کیا ۔
شادی کے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ ’میری والدہ کی شدید خواہش ہے کہ میں شادی کرلوں، اماں ہرنماز میں میرے لیے شادی کی دعا کرتی ہیں لیکن بڑوں کو یہ سمجھانا خاصا مشکل ہے کہ میں صرف اسی لیے شادی نہیں کرسکتی‘۔
مایا علی کا کہنا تھا کہ ’ صحیح وقت پر ایک صحیح انسان نے جب ہماری زندگی میں شامل ہونا ہوتا ہے تو ہمیں اس بات کا پتا بھی نہیں چلتا، ہم مذہب اور یقین کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اس بات پر کیوں یقین نہیں رکھتے کہ ہر انسان کی شادی کا وقت مقرر ہے اور وہ وقت جب آئے گا ہر کسی کی شادی اسی وقت پر ہوگی‘۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’میرے بھائی کی شادی پر بھی مجھ سے یہی سوال کیا گیا کہ چھوٹے بھائی کی شادی ہوگئی تو میری کیوں نہیں ہوئی؟ اس پر میں حیران تھی کہ یہ کیسا سوال ہے، کیوں کہ شادی کا وقت تو مقرر ہے ، مجھے جب بھی کوئی اچھا انسان ملے گا میں شادی کرلوں گی‘۔
دوران گفتگو مایا علی نے شادی کیلئے اپنی پسند کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ’ میں ایسے شخص کو اپنا جیون ساتھی بناؤں گی جو میری والدہ کا احترام کرے، میرے کام کو ، حتیٰ کہ مجھے بھی سمجھے ، ایک عورت کو وہ اہمیت دے جس کی وہ حقدار ہے تو مجھے ایسے انسان سے شادی کرنے میں کوئی حرج نہیں‘۔