ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے . وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی ہے .

ملاقات میں وزیراعظم نے عثمان ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، ہم نوجوانوں کی اس کثیر تعداد کو ملک و قوم کے لیے ایک عظیم سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں تاکہ بہتر تعلیم اور ہنر کے ذریعے ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے . انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں، ہم ان کی توانائیوں کو اپنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت سمت میں استعمال کرنے پر توجہ مرکوذ کیے ہوئے ہیں . ملاقات میں محمد عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو کامیاب جوان پروگرام کی 02 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بریفنگ دی کہ یوتھ انٹرپرینیور اسکیم کے تحت 2 سال قبل اسکیم کے آغاز سے اب تک 23 ارب روپے مالیت کے 16617 رعایتی کاروباری قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں . بریفنگ میں بتایا گیا کہ کامیاب جوان اسکل فار آل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اب تک 4.7 بلین روپے کی لاگت سے 101447 سکل اسکالرشپ سے نوازا جا چکا ہے . بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے فائدے کے لیے مزید پانچ اقدامات بھی جلد شروع کیے جا رہے ہیں، ان اقدامات میں 106 یونیورسٹیوں میں کامیاب جوان مراکز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم)، کامیاب جوان انوویشن لیگ، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ، اور کامیاب جوان اسپورٹس اکیڈمیز اور اسپورٹس گالا شامل ہیں . وزیراعظم نے نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے . . .

متعلقہ خبریں