’بیوی کی توہین نہیں کی‘ دانش تیمور نے 4 شادیوں سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگ لی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف اداکار و میزبان دانش تیمور نے گزشتہ دنوں 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کر دی ہے۔
دانش تیمور کا بیان سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’میں جانتا ہوں آپ لوگ مجھ سے ناراض ہیں، اس دن جو واقعہ ہوا کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ میں نے اپنی بیوی کی توہین کی ہے تو ایسا ہرگز نہیں ہے، میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، میں اپنی بیوی سے بہت پیار کرتا ہوں‘۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’شاید الفاظ کا چناؤ ٹھیک نہیں ہوا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ فی الحال کا لفظ میں اپنی زندگی میں استعمال کرتا ہوں کیونکہ میرا ماننا ہے کہ ہم ہمیشہ کے لیے اس دنیا میں نہیں آئے، ہم موجودہ زندگی کی بات کرتے ہیں لیکن وہ لفظ وہاں استعمال نہیں کرنا چاہیے تھا‘۔

دانش تیمور نے کہا کہ ’شادی کو 18 سال ہو گئے ہیں اور زندگی میں ابھی تک کوئی تنازعہ نہیں بنا اور میں چاہوں گا کہ اس بات کو بھی ہم یہیں پر ختم کریں کیونکہ جب میری ایسی نیت اور ارادہ نہیں ہے تو بات کو بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ پھر بھی اگر لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کی دل آزاری ہوئی ہے، میں نے کوئی ایسی بات کہہ دی ہے جو ان کو بری لگ رہی ہے تو میں دل سے معافی مانگتا ہوں‘۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں چاہتا کہ آپ لوگ میری کسی بات سے ناراض ہوں میں یہاں آپ لوگوں کو تفریح فراہم کرنے آیا ہوں، اپنی زندگی میں نے اس کام کے لیے دی ہوئی ہے، لوگ مجھ سے خوش ہوتے ہیں، میں یہی چاہوں گا کہ آپ لوگ ہمیشہ خوش رہیں جیسے میں اپنے گھر میں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ خوش ہوں، اور میرے اور عائزہ کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم الحمد للہ بہت خوش ہیں اس لیے آپ بھی اپنی زندگیوں میں خوش رہیں اور ہمیں دعاؤں میں بھی یاد رکھیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رمضان ٹرانسمیشن کے دوران، دانش تیمور نے چار شادیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ’مجھے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن میں کر نہیں رہا، وہ الگ بات ہے۔ یہ میرا پیار اور احترام ہے کہ میں فی الحال انھی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتا ہوں‘۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کی طرف سے استعمال کیے گئے لفظ ’فی الحال‘ پر خاصی تنقید کی جس پر انہوں نے پہلے بھی وضاحت پیش کی تھی اور کہا تھا کہ ان کے بیان کو غلط سمجھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سب لوگ یہ لفظ ’فی الحال‘ استعمال کیا کریں کیونکہ مجھے یہ نہیں پتہ میں کل زندہ ہوں یا نہیں۔ ہو سکتا ہے ایک سیکنڈ کے بعد مر جاؤں‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *