جویریہ سعود کے پروگرام میں مولانا نےبجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتا دیا ، ویڈیو وائرل

لاہور(قدرت روزنامہ)اداکارہ و ٹی وی میزبان جویریہ سعود کے رمضان پروگرام میں مولانا کی جانب سے بجلی کا بل کم آنے کا وظیفہ بتائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

رمضان المبارک شروع ہوتے ہی تمام ٹیلی وژن چینلز کی جانب سے خصوصی نشریات کے پروگرامات نشر کیے جا رہے ہیں اور ایسے پروگرامات میں ہونے والی باتوں اور بحث کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں، جس پر صارفین اظہار برہمی بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔دو دن قبل ٹی وی پر نشر ہونے والے جویریہ سعود کے رمضان شو میں کراچی کے ایک شہری کی جانب سے بجلی کم کرنے کا وظیفہ مانگا گیا۔شہری کے مطابق ان کا بجلی کا بل بہت زیادہ آتا ہے، بل کم آنے کا انہیں وظیفہ بتایا جائے۔

اس پر پروگرام میں موجود مولانا آزاد جمیل نے شہری کو بجلی کا بل کم آنے کا وظیفہ بتایا اور ساتھ ہی کہا کہ بجلی کے زائد بلز آنے کا مسئلہ ہر کسی کا ہے۔پروگرام میں موجود مولوی صاحب کا کہنا تھا کہ بٹن چلاؤ تو بجلی نہیں ہوتی، نلکی چلاؤ تو پانی نہیں آتا، چولہا جلاؤ تو گیس نہیں آتی اور یہ ہر گھر کے مسئلے ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے بجلی کا بل کم آنے کا وظیفہ بھی بتایا اور تاکید کی جن لوگوں کے ہاں بجلی کا بل زیادہ آتا ہے وہ اپنی شہادت کی انگلی سے میٹر پر ’زم زم‘ لکھیں تو بجلی کا بل کم آئے گا۔

مولانا صاحب کا کہنا تھا کہ جن کا بجلی کا بل زیادہ آتا ہے، وہ مہینے میں دو بار بجلی کے میٹر پر شہادت کی انگلی سے جاکر ’زم زم‘ لکھیں، ان کا بل کم آئے گا۔ایک اور شخص کے سوال پر انہوں نے بجلی کے کرنٹ لگنے سے محفوظ رہنے کا وظیفہ بھی بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ جن افراد کو بجلی کا کام نہیں آتا، وہ ایسا کام کرنے سے گریز کریں، تاہم اگر کوئی بجلی کا کام کرتا ہے تو وہ وظیفہ پڑھ لے تو انہیں بجلی کا کرنٹ نہیں لگے گا۔اسی پروگرام میں ان ہی مولانا صاحب نے پہلے ٹریفک چالان سے بچنے کا وظیفہ بھی بتایا تھا جب کہ انہوں نے پانچویں شادی کا وظیفہ مانگنے والے شہری کو بھی تجاویز دی تھیں اور ان کی ویڈیوز وائرل ہوگئی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *