رمضان ٹرانسمیشنز سے پہلے زندگی کیسی ہوتی تھی؟ اداکارہ بشریٰ انصاری کی بے لاگ گفتگو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں رمضان ٹرانسمیشنز کے منفی پہلوؤں پر بات کی ہے۔
اداکاہ نے حال ہی میں اپنے آفیشل یو ٹیوب چینل پر ایک ویلاگ اپلوڈ کیا جس میں رمضان ٹرانسمیشنز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، آج کل ہمارے رمضان ’رونقی رمضان‘ ہو گئے ہیں۔ ہر چینل پر کھانے بن رہے ہیں اور افطاریاں تیار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی اکثر ان رمضان ٹرانسمیشنز میں شرکت کرتی ہیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ جب ہم رمضان ٹرانسمیشنز نہیں دیکھتے تھے تب عبادت زیادہ کرتے تھے، جب فارغ ہوتے تھے قرآن پاک کی تلاوت میں زیادہ وقت گزارتے تھے یا تسبیح کر لیتے تھے لیکن اب رمضان ٹرانسمیشنز کی وجہ سے عبادت کم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری امی کہتی تھیں تم لوگوں کا روزہ ہے فاقہ نہیں ہے۔ تو جو لوگ روزہ رکھ کے نہ نماز پڑھتے ہیں نہ قرآن اور نہ ہی کوئی تسبیح کرتے ہیں تو وہ فاقہ ہی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری ایک لیجنڈ پاکستانی اداکارہ ہیں جو میڈیا انڈسٹری سے ایک طویل عرصے سے وابستہ ہیں۔ انہیں بیک وقت گلوکاری، تحریر اور میزبانی جیسی متعدد صلاحیتوں کے لیے بھی سراہا جاتا ہے اور وہ یوٹیوب پر وی لاگنگ بھی کرتی ہیں۔ حال ہی میں کامیاب ہٹ ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ان کی نیچرل اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا تھا۔
پاکستان کی اداکارہ بشریٰ انصاری بے پناہ ٹیلنٹ کی مظہر ہیں۔ وہ گانا، اداکاری اور لائیو پرفارم کر سکتی ہیں۔ ہر عمر کے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی لازوال اداکاری کے ذریعے مداحوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
بشریٰ انصاری کے نام ان گنت ہٹ پروجیکٹس ہیں اور ان کے مداح ہمیشہ اس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ وہ آگے کیا سائن کریں گی اور کس قسم کا کردار نبھائیں گی۔