بلوچستان کے مسائل کوئٹہ ہی میں حل کیے جائیں گے، میرسرفراز بگٹی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اب بلوچستان کے مسائل کوئٹہ میں ہی سنے اور حل کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر وفاقی وزرا کوئٹہ آئے ہیں، وفاقی وزرا سے بلوچستان کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی،47 پوائنٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ پہلی دفعہ ہے کہ وفاقی وزرا بلوچستان کے مسائل کے لیے کوئٹہ آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے، مسنگ پرسنز کچھی کینال این ایچ اے ایف آئی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ، لاپتا افراد کے حوالے سخاو سینٹر بنانے کا ایگریمنٹ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ان سینٹرز میں دہشتگردوں کو رکھا جائے گا اور تحقیقات کی جائیں گی، سیکورٹی اور ترقی کو ساتھ لے کر چلیں گے، کائنیٹک آپریشنز بھی چلتے رہیں گے جبکہ آئندہ بلوچستان کے فیصلے کوئٹہ میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے حوالے سے قانونی ذمہ داری پوری کی، بغیر شناخت کے لاشوں کی ریسکیو کے ذریعے تدفین کی گئی، لاشوں کو امانت کے طور دفن کیا گیا ہے، یہ ہارڈ کور دہشتگرد تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاپتا افراد کے سینٹرز کے حوالے سے خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے جو قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لے گی۔
سرفراز بگٹی نے بتایا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی سولر منتقلی کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے، سولر پینلز سسٹم منصوبے کا 70 فیصد وفاق اور 30 فیصد بلوچستان ادا کرے گا، وفاق 14 ارب روپے دے چکا ہے، مثبت چیز ہو رہی ہے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔