انڈین پریمیئر لیگ: بھارتی کرکٹ بورڈ نے گیند پر ’تھوک‘ لگانے کی پابندی اٹھالی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ ایڈیشن کے لیے گیند پر تھوک (لعاب) لگانے پر پابندی اٹھا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ روز آئی پی ایل ٹیموں کے کپتانوں اور منیجرز کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ بیشتر کپتانوں نے اس فیصلے کی حمایت کی۔ بی سی سی آئی نے پہلے ہی اس معاملے پر اندرونی مشاورت کی تھی، جبکہ حتمی فیصلہ ٹیموں کے کپتانوں کے سپرد تھا۔
بی سی سی آئی نے دوسری اننگز میں دو گیندوں کا نیا قاعدہ بھی متعارف کرایا تاکہ شبنم کے اثرات کو ختم کیا جا سکے اور ٹاس جیتنے والی ٹیم کو کسی بھی قسم کا فائدہ نہ ہو۔ دوسری گیند دوسرے اننگز کے گیارھویں اوور کے بعد استعمال میں آئے گی۔
گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کے فاسٹ بولر محمد سراج نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گیند پر تھوک لگانے سے فاسٹ بولرز کو ریورس سوئنگ میں مدد ملے گی۔ یہ بولرز کے لیے بہت اچھا ہے۔ یہ ہمارے لیے زبردست خبر ہے کیونکہ جب گیند کچھ نہیں کر رہی ہوتی، تو گیند پر تھوک لگانے سے ریورس سوئنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کبھی کبھار ریورس سوئنگ میں مدد کرتا ہے کیونکہ گیند کو شرٹ سے رگڑنا (ریورس سوئنگ حاصل کرنے میں) مددگار نہیں ہوتا۔ لیکن گیند پر تھوک لگانے سے ایک طرف کی چمک برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور یہ ضروری ہے۔
کووڈ-19 کی عالمی وبا کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گیند پر تھوک کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی، جس سے فاسٹ باؤلرز کے لیے ریورس سوئنگ کرانا مشکل ہو گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے بھی 2020 میں کووڈ-19 کے باعث آئی پی ایل کو بھارت سے باہر منتقل کرنے کے بعد اس پابندی کو برقرار رکھا تھا۔