متحدہ عرب امارات نے امریکہ میں 1.4 ٹریلین ڈالر (1400 ارب ڈالر) کے 10 سالہ سرمایہ کاری فریم ورک کا عہد کیا

واشنگٹن (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے امریکہ میں 1.4 ٹریلین ڈالر (1400 ارب ڈالر) کے 10 سالہ سرمایہ کاری فریم ورک کا عہد کیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق اس پیش رفت کا اعلان اس وقت کیا گیا جب اعلیٰ اماراتی حکام نے اس ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ یہ نیا فریم ورک مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، توانائی اور امریکی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں یو اے ای کی موجودہ سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
یہ معاہدہ اس ملاقات کے بعد طے پایا جس میں امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید نے منگل کے روز اوول آفس میں صدر ٹرمپ سے بات چیت کی۔ اس کے علاوہ نائب صدر جے ڈی وینس اور متعدد کابینہ اراکین نے اماراتی وفد کے ساتھ عشائیہ کیا، جس میں یو اے ای کے بڑے خودمختار سرمایہ کاری فنڈز اور کارپوریشنز کے سربراہان شامل تھے۔
معاہدے کی تفصیلات کے مطابق اماراتی سرمایہ کاری فنڈ اے ڈی کیو اور اس کے امریکی شراکت دار انرجی کیپیٹل پارٹنرز نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور ڈیٹا سینٹرز میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی ریاستی تیل کمپنی ADNOC کے بین الاقوامی سرمایہ کاری ونگ XRG نے بھی امریکہ میں قدرتی گیس کی پیداوار اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ٹیکساس میں نیکسٹ ڈیکیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) ایکسپورٹ فیسلٹی میں سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
حکام کے مطابق، ان کمپنیوں کے پاس امریکی معیشت میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبے بھی موجود ہیں، جن میں گیس، کیمیکلز، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور کم کاربن حل کے شعبے شامل ہیں۔