چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے 8 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ سے 2 ججز لانے کے معاملے پر چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے 8 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں سپریم کورٹ میں 2 مزید ججز لانے پر غور کیا جائے گا، سپریم کورٹ میں 2 ججز لاہور ہائیکورٹ سے لانے پر غور ہوگا۔
لاہور ہائیکورٹ کے 5 سینئر ججز کو سپریم کورٹ لانے کے لئے معاملہ زیر غور لایا جائے گا، اس حوالے سے 8 اپریل کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 10 فروری کو جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج کو تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔13 فروری کو سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز سے حلف لیا تھا۔
حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل تھے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف لیا تھا۔