ثانیہ اور شعیب میں علیٰحدگی کیوں ہوئی؟ شعیب ملک کی بہن کے تہلکہ خیز انکشافات

سیالکوٹ (قدرت روزنامہ )سابق قومی کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیٰحدگی کیوں ہوئی اس پر گزشتہ چند برسوں میں بہت چرچے ہوئے ہیں تاہم اب ان اختلافات نے شعیب کی بہن کے چونکا دینے والے انکشاف کے بعد نیا موڑ لے لیا ہے۔
نجی ٹی وی” ایکسپریس نیوز “کے مطابق شعیب ملک سے علیٰحدگی کے بعد ثانیہ مرزا اور ان کے اہل خانہ دونوں خاموش ہیں تاہم اب شعیب ملک کی بہن نے دعویٰ کیا ہے کہ ثانیہ ’شعیب کے افیئرز کے معاملات سے تھک چکی تھی‘ اس لیے خلع لیا۔
شعیب ثانیہ سے علیٰحدگی کے بعد اداکارہ ثنا ءجاوید کے ساتھ اپنی تیسری شادی کے بعد نئی زندگی شروع کر چکے ہیں اور تنقید کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں تاہم شادی میں ان کے خاندان کی عدم موجودگی نے بہت سے سوالات اٹھائے جس کی تصدیق اب ان کی بہن کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا پر بھی شعیب ملک کی بہن کے انٹرویو کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ دعویٰ کیا گیا ہے کہ شعیب کی بہن نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے پورے خاندان نے شعیب کی ثنا ءجاوید کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے ثانیہ سے ان کی طلاق کی وجوہات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی۔
شعیب ملک کی بہن نے تصدیق کی کہ اداکارہ ثناء جاوید سے ان کی شادی میں وہ اور اہل خانہ شریک نہیں ہوئے تھے جس کی ممکنہ وجہ ثانیہ سے ان کی علیٰحدگی پر اہلِ خانہ کی ناراضگی ہوسکتی ہے۔
ثانیہ کی بہن انعم مرزا نے اس سے قبل جنوری 2024 میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ثانیہ نے شعیب کی ثنا ءجاوید سے شادی سے چند ماہ قبل شعیب سے خلع لیا تھا۔ رازداری کی درخواست کرتے ہوئے انعم نے انسٹاگرام سٹوری پر لکھا تھا کہ ’ثانیہ نے چند مہینوں پہلے شعیب ملک سے خلع لیا تھا، ہم ان کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ شعیب ملک کی ذاتی زندگی اور ان کی شادیاں عوام کی دلچسپی کا موضوع رہی ہیں۔ عائشہ صدیقی سے ان کی پہلی شادی 2010 میں ختم ہوئی، جس کے بعد اسی سال ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کی ہائی پروفائل شادی ہوئی جبکہ ماضی میں ان کی اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ تعلقات کی بھی افواہیں تھیں، جس کو انہوں نے مسترد کردیا۔
تاہم جنوری 2024ء میں ثانیہ سے راہیں جدا کرنے کے بعد چند ماہ بعد ہی شعیب ملک کی ثنا ءجاوید کے ساتھ ان کی اچانک شادی کی تصاویر سامنے آنے پر تہلکہ مچ گیا۔ اب شعیب ملک کے بارے میں ان کی بہن کے ان نئے دعوؤں سے شعیب اور ثانیہ کی طلاق کا معمہ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *