’عالیہ بھٹ میری پہلی بیوی نہیں ہے‘ ، رنبیر کپور کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا کہ عالیہ بھٹ ان کی پہلی بیوی نہیں ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رنبیر کپور نے اپنی پہلی اہلیہ کے بارے میں بات کی جو عالیہ بھٹ نہیں بلکہ ان کی ایک مداح ہیں۔
اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے واقعے کو یاد کرتے ہوئےرنبیر کپور نے بتایا کہ ان کی ایک مداح ان کے بنگلے پر ایک پنڈت کے ساتھ آئیں جن سے وہ کبھی نہیں ملے۔ رنبیر کپور نے بتایا کہ مداح نے ان کے ساتھ شادی کی خواہش کا اظہار کیا لیکن وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے اس لیے ان کی مداح نے بنگلے کے دروازے سے شادی کر لی۔
رنبیر نے مزید کہا، ’جہاں پر میں اپنے والدین کے ساتھ رہتا تھا، وہاں دروازے پر ٹیکا اور پھول لگے ہوئے تھے۔ میں اس وقت شہر سے باہر تھا، تو یہ کافی عجیب تھا‘۔ اداکار نے کہا کہ ’میں ابھی تک اپنی پہلی بیوی سے نہیں ملا ہوں، تو میں امید کرتا ہوں کہ میں اس سے کسی دن ملوں گا‘۔
اس سے پہلے عالیہ بھٹ ایک انٹرویو میں کہہ چکی ہیں کہ جب وہ رنبیر سے ملی تو انہیں فوراً پتا چل گیا کہ وہ صحیح انسان ہیں۔
عالیہ کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو بتاتی ہوں، وہ مشکل نہیں ہیں۔ وہ ایک انتہائی سادہ انسان ہیں۔ وہ اتنے اچھے انسان ہیں کہ میں چاہتی ہوں کہ میں ان کی طرح اچھی ہوتی۔ ایک اداکار کے طور پر، ایک انسان کے طور پر، ہر اعتبار سے وہ مجھ سے بہتر انسان ہیں‘۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور نے اپریل 2022میں اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کی تھی اس جوڑے کی ایک بیٹی راہا ہے۔
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *