سرسبز بلوچستان ہی خوشحال بلوچستان کی ضمانت ہے،مینا مجید بلوچ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے جنگلات کے بین القوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگلات ہماری بقا، ماحولیاتی توازن اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے ضامن ہیں۔ ہمیں اپنے قدرتی وسائل کی حفاظت اور شجرکاری کو فروغ دے کر گرین بلوچستان کے خواب کو حقیقت بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف زمین کو کٹاو اور قدرتی آفات سے بچاتے ہیں بلکہ آکسیجن کی فراہمی، آبی ذخائر کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان بلخصوص بلوچستان کے 2022 کے تباہ کن سیلابوں نے ثابت کیا کہ اگر ہم نے جنگلات کی کٹائی کو نہ روکا اور درخت لگانے کی اہمیت کو نہ سمجھا تو ماحولیاتی تباہی کے اثرات مزید سنگین ہوسکتے ہیں ، محترمہ مینا مجید بلوچ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اپنے گھروں، اسکولوں اور محلوں میں درخت لگائیں اور ماحولیاتی تحفظ کے سفیر بنیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان اپنی توانائی اور عزم کے ذریعے سرسبز و شاداب مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ، اس اہم دن پر عہد کریں کہ ہم اپنے جنگلات کی حفاظت کریں گے، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے اور ماحولیاتی توازن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، کیونکہ سرسبز بلوچستان ہی خوشحال بلوچستان کی ضمانت ہے۔