بی وائی سی نے کس کی میتیں روڑ پر رکھ کر احتجاج کیا، تعین ہونا باقی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ بی وائی سی نے قومی شاہراہ بند کرکے عوام کو مشکلات کا شکار کیا ہے، جس سے کراچی اور دیگر شہروں سے آنے والے مسافر اذیت میں مبتلا ہوئے۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے مزید کہا کہ پولیس نے شاہراہ کو کھلوانے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی، تاہم مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ اور تشدد کیا جس کے نتیجے میں لیڈی پولیس کانسٹیبل اور دیگر پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ ان زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بی وائی سی نے احتجاج کے دوران کسی کی میتوں کو سڑک پر رکھ دیا، تاہم اس احتجاج کی وجوہات کا تعین اس وقت تک نہیں ہو سکا جب تک متوفیان کی لاشیں اسپتال لا کر ضابطے کی کارروائی مکمل نہیں کی جاتی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران امن و امان میں خلل ڈال کر افراتفری پھیلائی جا رہی ہے، اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ اگر قانون کو ہاتھ میں لے کر امن میں خلل ڈالا گیا تو حکومت خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *