کوئٹہ: بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے احتجاج میں پرتشدد مظاہرین کی فائرنگ، تین افراد ہلاک


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)مورخہ 21 مارچ 2025 کو کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس کے ہلاک شدہ دہشت گردوں کے حق میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے احتجاج کے دوران پرتشدد مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی۔ بی وائی سی کے رہنماؤں کے ساتھ موجود مسلح افراد کی فائرنگ سے دو مزدور اور ایک افغان شہری ہلاک ہو گئے۔
مظاہرین نے ہلاک شدگان کی لاشوں کو ہسپتال سے اٹھا کر احتجاجی دھرنا دے دیا، تاکہ ان کا طبی معائنہ نہ ہو سکے۔ سول حکام اور پولیس نے بی وائی سی کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ لاشوں کا طبی معائنہ مروجہ قوانین کے تحت ضروری ہے، تاہم بی وائی سی کے مسلح رہنماؤں نے انکار کر دیا۔
اس دوران بی وائی سی قیادت نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کے لئے احتجاجی مظاہرے جاری رکھے۔ 22 مارچ 2025 کو ہلاک شدگان کے ورثاء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے درخواست کی کہ بی وائی سی سے لاشیں چھڑوا کر اہلخانہ کے حوالے کی جائیں تاکہ وہ اپنی آخری رسومات ادا کر سکیں۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بی وائی سی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا اور انہیں گرفتار کر لیا۔ مقدمے میں متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی، سول ہسپتال پر حملہ، عوام کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے اور دیگر اہم دفعات شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *