23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

کوئٹہ ـ( قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمارے عزم، یکجہتی اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جس کی بدولت پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی اور امن و امان کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاست ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر رہے گی اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں، ان کا مکمل صفایا کر کے امن و استحکام کو یقینی بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے ہو کر بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی میں مزید شدت لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ ہم ایک مضبوط، خوشحال اور محفوظ ملک کی تعمیر کر سکیں۔