نوشکی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو ٹیچنگ اسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل نذیر احمد، کانسٹیبل منظور احمد، کانسٹیبل عبدالکریم، کانسٹیبل عبدالقاہر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قلات کی تحصیل منگچر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 4 مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں پولیس موبائل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 پولیس اہلکاروں اور منگچر میں 4 مزدوروں کا قتل وحشیانہ کارروائی ہے، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پولیس اہلکاروں اور بے گناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر کی کمر توڑ کر امن کی بحالی یقینی بنائیں گے، ریاست دشمنوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *