باہمی اختلافات بھلا کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا: محسن نقوی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان نا صرف خوشی کا موقع ہے بلکہ مستقبل کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں کی یاد دہانی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے، یوم پاکستان پر سب کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور پاکستان کی خاطر ایک ہونا چاہی، باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے حقیقی معنوں میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا وقت ہے، پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے ایک عظیم تحفہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی یکجہتی اور عزم سے کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری ہے اور مکمل خاتمے تک جاری رہے گی، آئیے آج روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *