آئی ایم ایف نے پراپرٹی کی خریداری پر ٹیکس میں کمی کی اجازت دے دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پراپرٹی کی خریداری پر ٹیکس میں دو فیصد کمی کی اجازت دے دی۔ پراپرٹی سیکٹر سے وابستہ افراد کا کہتے ہیں اس اقدام سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
آئی ایم ایف نے ایف بی آر کی درخواست پر پراپرٹی کی خریداری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح اپریل 2025 سے 2 فیصد کم کرنے کی جزوی رعایت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے تاہم فروخت کنندگان پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح برقرار رہے گی
حکام ایف بی آر کے مطابق جائیداد خریداری پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ حکومت نے آئی ایم ایف کو پراپرٹی خریدنے والوں کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 2 فیصد کم کرنے پر راضی کر لیا۔ تاہم پراپرٹی کے فروخت کنندگان سے یہ ٹیکس بدستور وصول کیا جائے گا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اس سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے پر اتفاق رائے اور معاہدے کی راہ ہموار ہوگی۔
اس حوالے سے اگلے ہفتے تک پیش رفت کا امکان ہے۔ ایف بی آر نے آئی ایم ایف سے پراپرٹی بیچنے اور خریدنے والے دونوں فریقین پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی درخواست کی تھی۔
دوسری طرف آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے میں سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے بینکوں سے ساڑھے بارہ سو ارب روپے قرض لینے کی بھی اجازت دے دی۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ اہداف پر بھی مشاورت کی جارہی ہے۔
ماہرین نے رئیل اسٹیٹ، پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کے لیے ریلیف میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔