امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کیلئے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کو عید الفطر کے موقع پر اتوار 30 مارچ سے منگل یکم اپریل تک تنخواہ کے ساتھ تعطیل دی جائے گی۔ اگر رمضان المبارک 30 دن کا ہوتا ہے تو چھٹی بدھ 2 اپریل تک بڑھا دی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ چھٹیوں کا دورانیہ شوال کے چاند کی رویت پر منحصر ہوگا، جو ملازمین کو چار یا پانچ دن کا طویل ویک اینڈ فراہم کر سکتا ہے۔ اسلامی مہینے 29 یا 30 دن کے ہوتے ہیں، جن کا تعین چاند کی رویت سے کیا جاتا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی چاند دیکھنے والی کمیٹی 29 مارچ کی شام کو شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس کرے گی۔ اگر اس شام چاند نظر آ جاتا ہے تو عید الفطر کی تعطیلات 30 مارچ، 31 مارچ اور یکم اپریل تک ہوں گی، جس سے ملازمین کو ہفتہ تا منگل چار دن کی چھٹی ملے گی۔
اگر چاند نظر نہ آیا اور رمضان کے 30 دن مکمل ہو گئے تو یکم شوال 31 مارچ کو ہوگا اور اس صورت میں عید کی تعطیلات 31 مارچ، یکم اپریل اور 2 اپریل کو ہوں گی۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملازمین کو ہفتہ سے بدھ تک پانچ دن کی طویل چھٹی میسر ہوگی۔
دبئی آسٹرونومی گروپ کے مطابق رمضان کے 30 دن مکمل ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، جس سے امکان ہے کہ عید الفطر پر پانچ دن کی چھٹیاں ملیں گی۔ سرکاری شعبے کے ملازمین کو بھی اسی دورانیے کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ متحدہ عرب امارات میں ایک یکساں پالیسی نافذ ہے جس کے تحت نجی اور سرکاری شعبے کے ملازمین کو مساوی تعطیلات دی جاتی ہیں۔