عرفان پٹھان کو بڑا جھٹکا، آئی پی ایل کمنٹری پینل سے آؤٹ، وجہ سامنے آگئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹری پینل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق انہیں آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد عرفان پٹھان آئی پی ایل کے کمنٹری پینل کے مستقل رکن رہے ہیں اور کرکٹ کی دنیا میں ان کی آواز کو کافی شناخت حاصل ہو چکی ہے۔ تاہم ہفتے کے روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور رائل چیلنجرز بینگلور (آر سی بی) کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں وہ کہیں نظر نہیں آئے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق براڈکاسٹرز عرفان پٹھان کے آن ایئر اور سوشل میڈیا پر ذاتی تنازعات سے ناخوش تھے جس کی وجہ سے انہیں کمنٹری پینل سے باہر رکھا گیا۔ بی سی سی آئی کے ایک ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا کہ “پٹھان کا کچھ سال پہلے چند کھلاڑیوں کے ساتھ اختلاف ہوا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ان کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرنے سے نہیں کتراتے تھے۔ معاملہ اس حد تک پہنچا کہ کچھ جونیئر کھلاڑی بھی اس تنازع کا شکار ہو گئے۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ان پر تنقید کرتے رہے، چاہے وہ نام نہ بھی لیتے ہوں۔”
واضح رہے کہ 40 سالہ عرفان پٹھان نے حال ہی میں اپنا یوٹیوب چینل “سیدھی بات ود عرفان پٹھان” لانچ کیا ہے جس پر وہ گیم کا تفصیلی تجزیہ پیش کریں گے۔ عرفان پٹھان واحد سابق کھلاڑی نہیں ہیں جنہیں کمنٹری کی ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا ہے۔ اس سے قبل 2020 میں بھارت کے سابق بلے باز سنجے منجریکر کو بی سی سی آئی نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کے کمنٹری پینل سے ہٹا دیا تھا۔ اس کی وجہ 2019 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران رویندرا جڈیجا پر ان کے متنازعہ ’بٹس اینڈ پیسز‘ والے تبصرے کو قرار دیا گیا تھا۔
اسی طرح 2016 میں تجربہ کار کمنٹیٹر ہرشہ بھوگلے کو بھی آئی پی ایل کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس وقت بھوگلے نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا، “مجھے آج تک نہیں معلوم کہ میں آئی پی ایل کیوں نہیں کر رہا۔ میں اس حقیقت کو قبول کر سکتا ہوں کہ کچھ لوگوں کو میں پسند نہیں آتا، لیکن مجھے امید ہے کہ ایسا کرکٹرز کی شکایات کی وجہ سے نہیں ہو رہا۔”