بحریہ ٹاؤن فیز 7 : نیب نے ملک ریاض کا ارینا سینما، انٹرنیشنل اکیڈمی، روبیش مارکی سیل کردی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے احتساب عدالت کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں ملک ریاض کی ملکیتی جائیداد کو سیل کر دیا۔

نیب کی اس کارروائی کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹر علی محمد نے کی جبکہ ٹیم میں کرنل (ر) محمد رفیق اور دیگر افسران شامل تھے۔

نیب کی ٹیم نے علاقے میں مختلف جائیدادوں کا کنٹرول سنبھالا اور سرکاری نوٹسز چسپاں کیے جن میں عوام کو مطلع کیا گیا کہ یہ اثاثے اب نیب کی تحویل میں ہیں۔

نیب کے مطابق جو جائیدادیں سیل کی گئی ہیں ان میں ارینا سینما ،بحریہ ٹاؤن انٹرنیشنل اکیڈمی ،روبیش مارکی شامل ہیں۔

نیب کے جاری کردہ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ان جائیدادوں کی خرید و فروخت کے تمام قانونی حقوق اب نیب کے پاس ہیں اور مستقبل میں ان کے کسی بھی قسم کے لین دین کا اختیار صرف نیب کے پاس ہوگا۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ ان اثاثوں کو سیل کرنے کا اقدام احتساب عدالت کے احکامات کے مطابق کیا گیا ہے اور یہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عمل میں لایا گیا۔

یہ کارروائی ملک میں کرپشن کے خلاف اقدامات کے سلسلے کی ایک کڑی سمجھی جا رہی ہے جس کے تحت نیب بڑے کاروباری اور سیاسی شخصیات کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *