حافظ حسین احمد جید عالم اور اتحاد و یکجہتی کے داعی تھے، سرفرازبگٹی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے سینیئر رہنما حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وزیر اعلیٰ اتوار کو جامع مطلع العلوم بروری روڈ گئے، جہاں انہوں نے مرحوم کے فرزند اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حافظ حسین احمد ایک جید عالم دین، منجھے ہوئے سیاستدان اور اتحاد و یکجہتی کے داعی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ عوامی حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کام کیا۔ ان کی وفات ایک عظیم نقصان ہے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مرحوم کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، وہ ایک مدبر رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مرحوم حافظ حسین احمد سے متعلق اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *