مریم کے پنجاب میں انوکھے کام! اسپتال کا سوپیر مریض کا علاج کرتا پکڑا گیا، ویڈیو وائرل

پتوکی(قدرت روزنامہ)پنجاب کے پتوکی تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں ناقص طبی سہولیات کا ایک اور سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، وائرل ویڈیو میں انکشاف ہوا ہے کہ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں صفائی کرنے والا ایک شخص طبی عملے کی غیر موجودگی میں مریضوں کا علاج کر رہا ہے۔
اے آر وائی کی نیوز کے مطابق وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ایک صفائی کرنیوالے شخص عابد کو طبی عملے کی غیر موجودگی میں مریض کے زخموں پر ٹانکے لگاتے اور مرہم پٹی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون مریضہ کا علاج کرتے ہوئے اس کی ناقص طبی سہولیات کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اسپتال کو خاطر خواہ فنڈز ملنے کے باوجود طبی سہولیات کا شدید فقدان اور انتظامیہ کی نااہلی بدستور جاری ہے جس سے بدعنوانی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
پنجاب حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ اس معاملے کا سختی سے نوٹس لے۔ مقامی افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس سے قبل لاہور کے گنگارام اسپتال میں ایک نوزائیدہ بچی کے جھلسنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیاتھا۔بچی کو انکیوبیٹر میں رکھا گیا تھا جو مبینہ طور پر خراب ہو گیا اور اس کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے سے نومولود جھلس گئی۔
بچی کے والد رفاقت علی نے الزام لگایا کہ اسپتال کا عملہ غفلت کا مرتکب ہوا اور جب انہوں نے واقعے پر سوال اٹھایا تو انہیں نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کروائیں اور غفلت برتنے والے ہسپتال عملے کے خلاف سخت کارروائی کریں۔