پاکستان اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مذاکرات ناکام، بحالی کا امکان معدوم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی غیر ملکی انتظامیہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے نتیجے میں ملک میں اس پلیٹ فارم کی بحالی کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ پیر کے روز ایک نجی ٹی وی چینل نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کی۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے حکومت یا عدالت کی واضح ہدایات کے بغیر ایکس کی بحالی سے انکار کر دیا ہے۔
پی ٹی اے حکام نے تصدیق کی کہ متعدد بار خط و کتابت کے باوجود ایکس نے پاکستان میں رجسٹریشن کرانے یا ملکی قوانین کی پاسداری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی پالیسیز پاکستانی قوانین سے متصادم ہیں، جس کی وجہ سے کوئی حل نہیں نکل سکا۔
پی ٹی اے کے مطابق ایکس کو 17 فروری 2024 کو وزارت داخلہ کی ہدایات پر بلاک کیا گیا تھا جس کی وجہ غیر قانونی آن لائن مواد سے متعلق تحفظات تھے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ متعدد بار متنازعہ مواد ہٹانے یا بلاک کرنے کی درخواست کی گئی، لیکن ایکس نے نہ تو ان درخواستوں پر عمل کیا اور نہ ہی اپنی بحالی کے لیے کوئی باضابطہ اپیل دائر کی۔
مزید برآں پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ایکس کی بحالی سے متعلق کوئی نیا حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث یہ تاحال غیر یقینی ہے کہ پاکستان میں یہ پلیٹ فارم کب یا آیا بحال ہو بھی سکے گا یا نہیں۔