گانوں کی دھن پر نعت سن کر بیہودہ بول یاد آتے ہیں۔۔ فضا علی نے گانوں کی طرز پر نعت پڑھنے والوں کو کھری کھری سنا دیں

لاہور (قدرت روزنامہ)”جب ہم کسی نعت کو کسی گانے کی دھن پر سنتے ہیں، تو وہ ہمیں فوراً اسی گانے اور اس کے بیہودہ بولوں کی یاد دلاتی ہے۔ نعتیں محبت اور عقیدت سے نبی کریم ﷺ کی شان میں پیش کی جاتی ہیں، انہیں کسی بھی صورت گانوں کے انداز میں نہیں پڑھا جانا چاہیے۔ اس لیے تمام چینلز کو چاہیے کہ وہ اس عمل سے اجتناب کریں اور نعت خوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ نعت کو اس کے اصل روحانی انداز میں پیش کریں، نہ کہ کسی گانے کی طرز پر!”
پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور معروف میزبان فضا علی نے حالیہ رمضان نشریات میں ایک ایسے مسئلے پر آواز اٹھائی جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو چکا ہے۔ انہوں نے گانوں کی طرز پر نعتیں پڑھنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے نعتوں کی روح اور تقدس کے خلاف قرار دیا۔
فضا علی نے نشاندہی کی کہ اس رجحان کا آغاز بھارت سے ہوا اور اب یہ پاکستان میں بھی عام ہوتا جا رہا ہے، جہاں نعت خوان روایتی عقیدت سے ہٹ کر مشہور گانوں کی دھنوں پر نعتیں پڑھنے لگے ہیں۔ کچھ نعت خوان پسِ منظر میں تیز موسیقی بھی شامل کر رہے ہیں، جو نعتوں کی روحانی کیفیت کو متاثر کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نعت صرف ایک کلام نہیں، بلکہ رسولِ اکرم ﷺ کی محبت میں ڈوبی ہوئی ایک عقیدت ہے، جسے انتہائی احترام اور اصل روایتی انداز میں پڑھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینلز اور نعت خوانوں کو اس عمل سے گریز کرنا چاہیے، تاکہ نعت کا تقدس برقرار رہے اور سامعین کو یہ کسی عام گانے کی دھن کی طرح محسوس نہ ہو۔