پرتگال میں مشتبہ آبدوز پکڑی گئی، اندر سے ایسی چیز برآمد کہ حکام کے ہوش اڑ گئے

لزبن (قدرت روزنامہ) پرتگال کی عدالتی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایزورس جزائر کے قریب ایک آبدوز کو روکا ہے جس میں سے 6.5 ٹن کوکین برآمد کی گئی۔ یہ آبدوز آئیبیرین جزیرہ نما کی جانب جا رہی تھی۔ یہ منشیات کی ایک بڑی کھیپ تھی جو 2024 میں پرتگال میں پکڑی گئی مجموعی 23 ٹن کوکین کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ بنتی ہے۔ پرتگال کو یورپ میں منشیات کی سمگلنگ کے ابتدائی داخلی مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہ اکثر آبدوزوں کا استعمال کرتے ہیں، جنہیں “نارکو آبدوزیں” بھی کہا جاتا ہے، تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظر سے بچ سکیں۔ پرتگالی عدالتی پولیس کے بیان کے مطابق، یہ آبدوز بحرِ اوقیانوس کے وسط میں پرتگالی جزیرہ ایزورس سے 500 ناٹیکل میل (900 کلومیٹر سے زائد) جنوب میں روکی گئی۔
آبدوز میں پانچ افراد سوار تھے اور یہ ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کے زیر استعمال تھی۔ پرتگالی پولیس کے مطابق اس کارروائی میں پرتگالی بحریہ اور فضائیہ کے علاوہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی (ڈی ای اے)، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی اور ہسپانوی گارڈیا سول نے بھی تعاون فراہم کیا۔
بہت سی “نارکو آبدوزیں” مکمل طور پر غوطہ نہیں لگا سکتیں جیسے روایتی آبدوزیں کرتی ہیں، تاہم کچھ مکمل طور پر پانی میں غائب ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پرتگال میں سمگل کی جانے والی زیادہ تر کوکین سمندر کے راستے لاطینی امریکہ سے لائی جاتی ہے۔