آخر کار 64 سال قبل گھر سے بھاگنے والے جوڑے کی شادی ہوگئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ جوڑے نے گھر سے بھاگنے کے 64 سال بعد شادی کرلی۔
نیوز 18 کے مطابق ہریش اور مردو نے محبت کو ہر چیز پر ترجیح دی اور خاندان کی مخالفت کے باوجود ایک ساتھ بھاگ جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے لیے یہ راستہ آسان نہیں تھا لیکن دونوں نے ایک دوسرے کا ساتھ نہ چھوڑا اور محبت و قربانی کی ایک نئی مثال قائم کی۔ سالوں بعد جب ان کی اولاد بڑی ہوئی اور ان کی محبت اور قربانیوں کی کہانی کو قریب سے جانا، تو ان کے نواسے اور پوتے پوتیوں نے ان کے لیے ایک خاص تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔ ان کی گھر سے بھاگنے کی 64ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے اہل خانہ نے ان کے لیے وہ شادی کی تقریب منعقد کی، جو وہ برسوں پہلے نہیں کر سکے تھے۔
یہ ایک جذباتی منظر تھا جب دونوں کو شادی کے روایتی رسم و رواج کے ساتھ دوبارہ دلہن اور دولہا کے طور پر تیار کیا گیا۔ پہلی بار شادی کی تیاریوں کے لیے انہیں تھوڑی دیر کے لیے الگ بھی رکھا گیا تاکہ وہ اس لمحے کو بھرپور طریقے سے محسوس کر سکیں۔ شادی کی تقریب میں تمام وہ روایتی رسومات ادا کی گئیں، جن سے وہ 64 سال قبل محروم رہ گئے تھے۔ مقدس آگ کے گرد پھیرے لیتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر محبت اور وفاداری کا عہد کیا۔