بغیر پاسپورٹ پرواز اڑانے والے پائلٹ کو بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاسپورٹ ایک ایسی دستاویز ہے جس کی بنیاد پر آپ کسی دوسرے ملک کا سفر کر سکتے ہیں، تاہم طیاروں کو اڑانے والے پائلٹس کے لیے بھی پاسپورٹ پاس رکھنا ضروری ہوتا ہے یہ شاید ہر کسی کو معلوم نہ ہو۔
امریکا کے شہر لاس اینجلس سے شنگھائی کے لیے پرواز بھرنے والے طیارے کے پائلٹ کو اڑان بھرنے کے 2 گھنٹے کے بعد یاد آیا کہ وہ تو پاسپورٹ ہی بھول آیا ہے، جس پر طیارے کو لے کر واپس جانا پڑا۔
پرواز نمبر یو اے 198 نے 22 مارچ کو لاس اینجلس سے شنگھائی کے لیے اڑان بھری، تاہم محض دو گھنٹے کی پرواز کے بعد طیارے کا رخ موڑ کر واپس سان فرانسسکو لے جایا گیا۔
فضائی کمپنی نے بتایا کہ پائلٹ کے پاس پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کو سان فرانسسکو اتار کر وہاں نئے پائلٹ کا بندوست کرتے ہوئے مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچایا، جس کے باعث طیارہ معمول سے تاخیر کے باعث شنگھائی پہنچا۔
اسی پرواز میں موجود ایک خاتون مسافر نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے انٹرکام میں پائلٹ کی بہت زیادہ پریشان کن آواز سنی تھی جس میں پاسپورٹ بھولنے کا کہہ رہا تھا۔
طیارے میں سوار متعدد مسافروں نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں سے کچھ نے کہاکہ پائلٹ کا پاسپورٹ بھول جانا مضحکہ خیز تھا، جبکہ کچھ نے کہاکہ جب ہم نے سنا تو دنگ رہ گئے تھے۔