پاکستان میں پہلا آئی فون ٹریڈ اِن پروگرام متعارف

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کی صفِ اول کی ڈیجیٹل کمپنی جاز نے پاکستان میں ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ملک کا پہلا آئی فون ٹریڈ اِن پروگرام متعارف کروا دیا ہے، اس اقدام کا مقصد آئی فون 16 سیریز کو مزید قابلِ رسائی اور سستا بنانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت صارفین اپنے پی ٹی اے سے منظور شدہ آئی فون 11 یا اس کے بعد کے ماڈلز کو نئے آئی فون 16 سیریز کی خریداری پر ڈسکاؤنٹ کے لیے ٹریڈ اِن کر سکتے ہیں۔
مزید برآں جاز اور مرکنٹائل کی جانب سے اضافی سبسڈی بونس بھی دیا جائے گا جس سے یہ پیشکش مزید فائدہ مند بن جاتی ہے۔
جاز کے ہیڈ آف مارکیٹنگ علی فہد کا کہنا ہے کہ جاز ایک ڈیجیٹل لیڈر کے طور پر پاکستان میں ڈیجیٹل خلا کو پُر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مرکنٹائل کے ساتھ ہمارا یہ اشتراک جدت اور صارفین کی سہولت پر مرکوز ہے۔ ہم پریمیم ڈیوائسز کو مزید قابلِ رسائی بنا کر لوگوں کو ڈیجیٹل لائف اسٹائل کو اپ گریڈ کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔
مرکنٹائل پاکستان کے سی ای او، نعمان درانی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستانی صارفین کے لیے جدید آئی فون ماڈلز تک رسائی کو آسان بنا دے گا۔
جاز کے ساتھ مل کر ہم ایک سادہ اور موثر طریقہ فراہم کر رہے ہیں جس کے ذریعے صارفین اپنے پرانے فون اپ گریڈ کر سکتے ہیں اور بہتر یوزر ایکسپیریئنس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
یہ پروگرام لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے جاز ایکسپیرینس سینٹرز پر دستیاب ہے۔ مزید تفصیلات مرکنٹائل کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں تاہم یہ پیشکش صرف مکمل قیمت پر خریداری کے لیے دستیاب ہے اور اس وقت پوسٹ پیڈ انسٹالمنٹ پلان کے تحت فراہم نہیں کی جا رہی۔
یاد رہے کہ جاز نے پی ٹی اے سے منظور شدہ آئی فون 16 خریدنے والے صارفین کے لیے ایک خصوصی 6 ماہ کا پیکیج بھی متعارف کرایا ہے جس میں 200 جی بی انٹرنیٹ، 6 ماہ کا مفت ایئر ٹائم، ای سم ایکٹیویشن، ڈسکاؤنٹ واؤچرز اور 100000 روپے تک کی انشورنس شامل ہے جو چوری، نقصان اور خرابی کے خلاف تحفظ فراہم کرے گی۔
جاز اپنے پوسٹ پیڈ صارفین کے لیے 18 ماہ کی اقساط پر بھی آئی فون 16 سیریز فراہم کر رہا ہے تاکہ مختلف مالی ضروریات رکھنے والے صارفین کے لیے آسان ادائیگی کے اختیارات مہیا کیے جا سکیں۔
اس اقدام کے ذریعے جاز ڈیجیٹل ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ افراد اور کاروباری ادارے مزید جُڑے ہوئے اور بااختیار ہو سکیں۔