سندھ کے نوجوان ماہانہ 16 لاکھ روپے تک کیسے کما سکیں گے؟


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 30 ہزار طلبہ کو گوگل اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔ اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ کما سکیں گے۔
سندھ حکومت، گوگل اور ٹیک ویلی کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے 30 جامعات کے 30 ہزار طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسکالر شپس نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری
وزیراعلیٰ سندھ نے 30000 گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹ اسکالر شپس کا افتتاح کیا، اس موقع پر گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل تعلیم اور ہنرمندی میں انقلابی اقدامات کررہی ہے، اسکالر شپس نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جس سے ڈیجیٹل مہارتوں سے سندھ کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان اہم معاہدہ کیا گیا ہے۔ کم مراعات یافتہ طبقات اور خواتین کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ کورسز گوگل کے ماہرین نے تیار کیے ہیں اور انہیں آن لائن مکمل کیا جا سکتا ہے۔
اسکالر شپ میں 30 فیصدخواتین کاہدف
انہوں نے بتایا کہ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ 3 سے 6 ماہ کی مدت کے کورسز ہیں۔ چاہتے ہیں سندھ کے طلبہ عالمی معیار کی تربیت حاصل کریں، اسکالر شپ میں 30 فیصدخواتین کاہدف رکھا گیا اور ساتھ پسماندہ طبقات پر توجہ دی جائیگی۔
مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائیں گے
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گوگل اسکالر شپ یافتہ طلبہ 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کریں گے۔ کم از کم 30 فیصد خواتین کو ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع دیے جائیں گے، سندھ کے ہر نوجوان کے لیے مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائیں گے۔
ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سندھ کے نوجوانوں کے ایسی معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہے جس سے نوجوان خاص طور پر خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے انکا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام سے ابتدائی طور پر سندھ کے 30 جامعات کے 30 ہزار طلبہ و طالبات استفادہ حاصل کر سکیں گے یہ اسکالر شپ حاصل کرنے والے 70 ہزار روپے سے 16 لاکھ روپے ماہ وار کما سکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *