دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر مل بیٹھ کر بات کریں گے، وزیراعظم کی پی پی قیادت کو یقین دہانی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر مل بیٹھ کر بات کریں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف سے پی پی قیادت کی ہونے والی میٹنگ میں چیئرمین بلاول بھٹو، خورشید شاہ، گورنر پنجاب اور دیگر قیادت موجود تھی۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ کینالز کے معاملے پر اتفاق رائے سے جو فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ کینالز کے معاملے پر سندھ میں جس طرح سیاست ہورہی ہے پیپلزپارٹی کو اس اسپیس کو کور کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی اس مسئلے پر اونر شپ لے گی تو درست فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی قیادت بلوچستان کے مسائل پر فکر مند ہے، اور ان کی اس پر نظر بھی ہے۔
واضح رہے کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر پنجاب اور سندھ آمنے سامنے ہیں، اور پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
کچھ روز قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پانی کا مسئلہ ہمارے لیے جینے مرنے کا معاملہ ہے، دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کا معاملہ ہر فورم پر اٹھا رہے ہیں، اور اب بھرپور انداز سے تحریک شروع کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جانب سے 2024 سے دریائے سندھ سے کینال نکالنے کی کوشش ہورہی ہے، لیکن ہم نے یہ سلسلہ روکا ہوا ہے، اور اس کی اجازت نہیں دیں گے۔
گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر پنجاب کے مؤقف میں زیادہ جان ہے، تاہم سندھ کے ساتھ ایسے ہی جذباتی ہورہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *