ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کی کھیل کے موجودہ ڈھانچے میں تبدیلی کی تجویز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی اے) نے کرکٹ کے موجودہ اسٹرکچر میں تبدیلی کے لیے تجاویز دے دی ہیں۔
ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے 64 کرکٹرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رپورٹ تیار کی ہے جس میں کرکٹ کے موجودہ اسٹریکچر اور گورننگ میں تبدیلی کی تجاویز دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سائیکل کے اختتام پر کرکٹ کا نیا اور واضح کیلنڈر تشکیل دیا جائے، انٹرنیشنل کرکٹ اور لیگ میچز کے لیے طے ونڈوز رکھی جائیں۔
ڈبلیو اے سی نے تجویز دی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ہر سال 21، 21 روز کی 4 ونڈوز رکھی جائیں، باقی کیلنڈر کو فری ونڈو قرار دے کر اس میں ڈومیسٹک لیگ کی اجازت دی جائے.
عالمی کرکٹرز کی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی کرکٹ تیزی سے کلب بمقابلہ کلب کے فارمیٹ کی طرف جا رہی ہے لہٰذا فرنچائز کرکٹ بڑھتے رجحان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی اہمیت کو برقرار رکھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلیئرز کو فرنچائز سے معاہدہ کرنے کے لیے ہوم بورڈ کی این او سی کی شرط ختم کی جائے، فرنچائز ٹیمیں انٹرنیشنل ونڈو میں پلیئرز کو نیشنل ڈیوٹی کے لیے ریلیز کرنے کی پابند ہوں گی۔
یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ دو طرفہ سیریز کے میچز کو بامقصد رکھنے کے لیے ہر فارمیٹ میں ڈویژن کی بنیاد پر مقابلے کیے جائیں۔
ڈبلیو سی اے کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کے 2 سالہ سائیکل میں 12 ٹیمیں 2 ڈویژن میں مقابلہ کریں، ڈویژن ون میں 8 اور ٹو میں 4 ٹیمیں ہوں.
تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے 4 ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں جبکہ ہر ٹیم اپنے ڈویژن میں موجود دوسری ٹیم سے اس فارمیٹ کا کم از کم ایک میچ کھیلنے کی پابند ہو۔
ڈبلیو سی اے نے تجاویز دی ہیں کہ موجودہ اسٹرکچر میں ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا کوئی بیلنس موجود نہیں، آئی سی سی کی آمدن کی تقسیم کو شفاف بنایا جائے، چھوٹی ٹیموں کی مدد کے لیے سینٹرل پول رکھا جائے اور انٹرنیشنل کرکٹ خودمختار اور آزاد اسپورٹس باڈی کے طور پر ری اسٹریکچر کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *