نہیں سنا پنجاب میں کوئی بلوچ مارا گیا، پوری بلوچ قوم نہیں چند لوگ پنجابی کیخلاف ہیں،حنیف عباسی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، دہشت گردوں نے زبان قوم اور فرقوں کی بنیاد پر حملہ کیا جبکہ دنیا بھر نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری دہشت گردی پاکستان کے خلاف منصوبہ سازی ہے، ہمارے لوگ دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرتے ہیں، اس لیے وہ کامیاب ہوتے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہم چھٹی ایٹمی طاقت ہیں، اس لیے ملک میں دہشت گردی کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ٹرین پر حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کا ردعمل قابل اطمینان تھا، ضرار کمپنی کے کمانڈوز نے جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانیں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد دو روز میں ٹریک کو فعال کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور حکومتی دونوں سطحوں پر فیصلہ ہوچکا کہ دہشت گرد جہاں ہوں گے ان کا پیچھا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ حملے میں ملوث بہت سے دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے،آپ نے کبھی سنا کہ راولپنڈی میں کوئی بلوچ مارا گیا ہو، پوری بلوچ قوم نہیں چند لوگ ہیں جو پنچابی کیخلاف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *