وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ بجلی صارفین کو دینے کی منظوری دیدی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمت میں کمی کا فائدہ بجلی صارفین کو دینے کی منظوری دے دی۔
بدھ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدے اور 1.3 ارب ڈالر فنڈنگ پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالرز کے پہلے اسٹاف لیول معاہدے کا ریویو مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں افراط زرکم ترین سطح پر ہے، معیشت میں بہتری آئی ہے۔
اجلاس میں کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی صارفین کو دینے کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے بیگاس پاور پلانٹس کے معاہدوں پر نظرثانی اور وسل بلور پروٹیکشن ایکٹ 2025 کی اصولی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی جبکہ وفاقی کابینہ نے اساتذہ اور محققین کے لیے انکم ٹیکس ریبیٹ بحال کرنےکا بھی فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 11 مارچ اور ای سی سی کے 13 اور 21 مارچ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
اجلاس میں سولرنیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر مزید مشاورت کے بعد سفارشات دوبارہ کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس سے قبل منگل کو اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نےکہا تھا کہ بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی ، آئندہ چند دنوں میں ان کی باتیں ثابت ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 2 دن پہلے ہو یا بعد میں ،وزیر اعظم قوم کو اچھی خوش خبری سنائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کی صورت میں پاکستان کو توسیعی فنڈ فیسیلیٹی کے تحت ایک ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے 28 ماہ کی ارینجمنٹ کے تحت 1.3 ارب ڈالر ملیں گے، پرو گرام کے تحت مجموعی قرض کی رقم 2 ارب ڈالر ہوجائے گی، مزید برآں یہ توسیعی فنڈ فیسیلیٹی ارینجمنٹ 37 ماہ کے لیے ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *