امریکا کےلئے پی آئی اے پروازوں کی بحالی کا معاملہ، امریکی ایوی ایشن ٹیم آئندہ ماہ پاکستان آئے گی
کیٹیگری تبدیلی کے لئے ایم او یو پردستخط اورکنسلٹینسی کی مد میں 75 ہزار ڈالرزادائیگی کر دی گئی ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پروازوں کی بحالی کے معاملے پر 5 رکنی امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم اپریل کے وسط میں پاکستان پہنچے گی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیم کی فائنل کلئیرنس انسپکشن رپورٹ پر پی آئی اے کی کیٹیگری ٹو سے ون کی جائے گی، کیٹیگری تبدیلی کے لئے ایم او یو پردستخط اورکنسلٹینسی کی مد میں 75 ہزار ڈالرزادائیگی کر دی گئی ہے۔
جولائی 2020 میں مشتبہ پائلٹ لائسنسزکے باعث پی آئی اے پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی، یو ایس ڈیپارٹمنٹ برائے ٹرانسپورٹیشن نے پی آئی اے کی کیٹیگری ون سے ٹو کر دی تھی، پابندی سے قبل پی آئی اے امریکہ کے لئے ہفتہ وار 6 پروازیں آپریٹ کرتی تھی۔
براہ راست پروازوں میں چار نیو یارک اور دو شکاگو کی پروازیں شامل تھیں، ذرائع کے مطابق 2020 میں کورونا وبا کے دوران پی آئی اے نے خصوصی اجازت کے تحت چارٹرپروازیں آپریٹ کی تھیں۔