کوئٹہ میں بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 4 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہو گئے

دھماکا سڑک کنارے ہوا، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی، پولیس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعرات کو کوئٹہ میں بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق، جبکہ 4 پولیس اہلکاروں سمیت21 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا سڑک کنارے اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی۔ دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے جائے وقوع پر کھڑی موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی، دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
خیال رہے کہ گذشتہ شب گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کو اتار کر ان پر فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑا۔
مستونگ میں بھی کار پر فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکارجاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔ لیویز چوکی پر مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی۔
صدرمملکت نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصرکی بزدلانہ کاروائیاں حیوانیت کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلٰی بلوچستان و دیگر نے بھی لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔
اس سے قبل 11 مارچ کو دہشت گردوں نے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اڑایا، دہشت گردوں نے بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کروا کر وہاں پر موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وہاں پر موجود 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کی جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے سانحہ جعفر ایکسپریس آپریشن سے متعلق تفصیلات جاری کیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *