آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس حوالے سے ہیڈ آف ویمنز کرکٹ پی سی بی رافعہ حیدر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایونٹ کے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں رافعہ حیدر نے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد یہ ایک اور بڑا اعزاز ہے کہ آئی سی سی کا اہم ایونٹ پاکستان میں منعقد ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جس محنت اور لگن سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے شاندار انتظامات کیے گئے، اسی جانفشانی سے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے بھی تیاری کی جائے گی۔

رافعہ حیدر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ تمام ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور غیر ملکی مہمانوں کو وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، غیر ملکی ٹیمیں زندہ دلانِ لاہور کی شاندار مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گی۔اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں جبکہ پی سی بی کے تمام ذیلی محکموں کے سربراہان اور نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *