صدر مملکت کے اعلان کے بعد سینکڑوں قیدی رہا کر دیے گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدرمملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عیدالفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان پر عمل درآمد کرلیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کے اعلان پرعملدرآمد کرتے ہوئے اڈیالہ جیل سے 105 قیدیوں کو سزاؤں میں کمی کی بدولت رہا کردیا گیا ہے۔
پنجاب کی 43 جیلوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 606 قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی گئی، سزائیں مکمل ہونے پر پنجاب کی جیلوں سے 183 قیدیوں کو رہائی مل گئی ۔
سزاؤں میں کمی کا سب سے زیادہ فائدہ سینٹرل جیل لاہور اور اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو ہوا، سینٹرل جیل لاہور سے ایک 196 قیدی رہا کئے گئے جبکہ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے 105 قیدیوں کو آزادی ملی۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عیدالفطر کے موقع پر 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہیں، ان کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیا تھا، اس کے علاوہ ایک تہائی قید کاٹنے والی 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی اور 18 سال سے کم عمر افراد کی سزاؤں میں بھی کمی کی گئی تھی۔
صدر مملکت نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 اور رولز آف بزنس کے رول 15 اے کے تحت دی تھی