شاہ رخ خان کی تصویر والی شرٹ پہننے پر ماہرہ خان کو تنقید کا سامنا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان اکثر انٹرویوز میں شاہ رخ کے لیے پسندیدگی کا اظہار کرتی آئی ہیں اور ان پر شہرت حاصل کرنے کے لیے شاہ رخ خان کا نام استعمال کرنے کا الزام بھی لگتا رہا ہے۔
ماہرہ خان نے بالی ووڈ میں سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘ میں کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ کسی بالی ووڈ فلم میں نظر نہیں آئیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے اپنے ایک پراجیکٹ کے سیٹ سے ایک تصویر شیئر کی، جس میں یہ ثابت ہوا کہ وہ شاہ رخ خان کی کتنی بڑی مداح ہیں۔
ماہرہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے وینٹی وین کے دروازے پر کھڑی نظر آ رہی تھیں۔ اس تصویر میں وہ کالے رنگ کی ٹی شرٹ اور ڈینم جینز میں ملبوس تھیں، اور اپنے لُک کو سن گلاسز سے مکمل کیا تھا۔ تاہم، جو چیز سب کی توجہ کا مرکز بنی وہ ان کی ٹی شرٹ پر شاہ رخ خان کی تصویر تھی۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’اتوار کو کام کر رہی ہوں، اسے مزید اچھا بنانے کے لیے انہیں بھی ساتھ لے آئی ہوں‘۔
پوسٹ منظرعام پر آتے ہی مداحوں نے مختلف تبصرے کیے کسی نے ان کے اس انداز کو پسند کیا تو کئی صارفین نے ان کے شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
جہاں کچھ لوگوں نے ماہرہ کے انداز پر پسندیدگی کا اظہار کیا وہیں چند صارفین نے ماہرہ خان کی شاہ رخ خان سے پسندیدگی پر تنقید کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ماہرہ ابھی تک رئیس کے فوبیا سے نہیں نکلی ہیں‘ تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ ’آپ پہلے ہی پاکستان کی سب سے بڑی ستاروں میں سے ایک ہیں۔ بالی ووڈ کے اداکار کے لیے اتنی مداحی آپ کو نہیں جچتی‘۔ علی احمد نے لکھا کہ ’شاہ رخ خان سے باہر آجاؤ ماہرہ پلیز‘۔
واضح رہے کہ راہول ڈھولکیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘رئیس’ میں ماہرہ نے شاہ رخ کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی، جس نے دنیا بھر میں 281.45 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
ماہرہ خان نے ڈراما ’ہم سفر‘ میں فواد خان کے ساتھ کام کیا جو سپر ہٹ ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ ماہرہ خان کے دیگر مشہور ڈراموں میں صدقے تمہارے، بن روئے، ہم کہاں کے سچے تھے، اور شہر ذات سمیت دیگر شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *