شیر افضل مروت پی ٹی آئی میں جلد واپسی کے لیے پرامید کیوں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما شیر افضل مروت 3 مرتبہ نکالے جانے کے باوجود پارٹی میں جلد ہی دوبارہ شامل کرلیے جانے کے حوالے سے پرامید ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیے مسقتبل میں نئی آزمائیشیں آنے والی ہیں لہٰذا وہ کچھ ہی عرصے میں پارٹی کے ’سابقہ سے موجودہ‘ رہنما بن جائیں گے۔
تحریک انصاف کے سابق رہنما نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ایک سال کے دوران 3 مرتبہ سابق ہوچکا ہوں لیکن اب میرے ساتھ لگنے والا سابقہ رہنما کا صیغہ ہٹنے میں دیر نہیں لگے گی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جو لوگ پارٹی یا لیڈر سے غداری کریں عوام انہیں پسند نہیں کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فارورڈ بلاک بنانے والے وقتی ضرورت تو پوری کرسکتے ہیں لیکن دور رس نتائج ان کے حق میں نہیں آئیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے متعلق سوال پر شیرافضل مروت نے کہا پارٹی کے لیے گنڈاپور نے بڑا کردار ادا کیا اور اللہ نہ کرے کہ ان سے (وزارت عالیہ کی) کرسی چھینی جائے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خوشامدی نہیں ہیں اور ان کا قصور بس اتنا ہے کہ وہ پارٹی کے لیے وہ بھی کرجاتے ہیں جس کا ان سے کہا نہ گیا ہو۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے ہی انتشار کا شکار ہے اور ایسے میں علی امین گنڈاپور پر وار کرنا دانشمندی نہیں ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی میں جتنے مسائل اور ناکامیاں ہیں اس کی وجہ موجودہ قیادت میں اتفاق کا فقدان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *