معصوم مزدوروں کی جان لینا ناقابلِ معافی جرم ہے ، عبدالرحمان کھیتران


گوادر(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران نے گوادر میں نہتے مزدوروں کے سفاکانہ قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس بربریت کو ایک وحشیانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم مزدوروں کی جان لینا ناقابلِ معافی جرم ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ریاست ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے گناہ محنت کشوں پر حملہ کھلی بربریت ہے اور حکومت قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کریں تاکہ ایسے سانحات کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر کی نشاندہی میں ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *